اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اہم شخصیات کو منشیات سپلائی کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا اور ملزمان کے قبضے سے 30 کروڑ مالیت کی ہیروئن، آئس اور گولیاں برآمد کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد میں سرکاری عہدیداروں اور نجی افراد کو منشیات کی فراہمی میں ملوث گروہ کو پکڑ لیا۔
اے این ایف کے انٹیلیجنس ذرائع نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے ایف ۔ 7 ، ایف ۔ 10 ، ایف ۔ 11 ، اور جی -12 محلوں میں آپریشن کیا گیا ، اس دوران خاتون سمیت 7افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ بیرون ملک سے منشیات پاکستان لانے والا غیر ملکی بھی پکڑا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 30 کروڑ مالیت کی ہیروئن، آئس اور گولیاں برآمد کرلیں جبکہ دیگر منشیات میں کوکین، ایکس ٹی سی گولیاں اور چرس بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات تعلیمی ادارےسمیت پارٹیوں،اہم شخصیات کوفروخت کی جاتی تھی، نجی اور سرکاری شخصیات کے نام خفیہ رکھے جارہے ہیں، ملزمان کے موبائل فونز سے دیگر اہم لوگوں کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : وفاقی حکومت کا ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے اہم فیصلہ
انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق ایک ملزم نے پولیس اہلکاروں کو بھی منشیات فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بڑے منشیات اسمگلرز پر ہاتھ ڈالنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے سول و عسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف پوری قوت سے مشترکہ آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کریک ڈاؤن سے قبل حساس اداروں نے بڑے منشیات اسمگلرز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی، تصدیق کے لیے فہرست دوبارہ حساس اداروں کے حوالے کردی گئی، حتمی فہرست کی بنیاد پر کریک ڈاؤن اور گرفتاریاں شروع ہوں گی۔