بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور اجے دیوگن کی جانب سے فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی میں لیے جانے والے معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
بالی ووڈ کے مشہورہدایت کارسنجے لیلی بھنسالی کی فلم ’گنگوبائی کاٹھیا واڑی‘ ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار رہی تھی۔گنگوبائی کی فیملی نے فلم کی ریلیزرکوانے کی کوشش بھی کی تھی۔
’گنگوبائی کاٹھیا واڑی‘ کوگزشتہ دنوں ریلیز کیا گیا تھا جوعالمی باکس آفس پرشاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 100 کروڑسے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ کو فلم کے لیے 20 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً ساڑھے 46 کروڑ پاکستانی روپے) کی بھاری رقم ادا کی گئی ہے۔
اجے دیوگن نے بھی گنگوبائی کاٹھیاواڑی میں ایک کیمیو دیا، انہوں نے رحیم لالہ کا کردار ادا کیا، وہ شخص جس نے گنگوبائی کو عظیم طاقت تک پہنچایا۔ اس مختصر کردار کے لیے اجے دیوگن نے مبینہ طور پر کُل 11 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً ساڑھے 25 کروڑ پاکستانی روپے) معاوضہ لیا۔
مزید پڑھیں: متنازعہ ہونے کے باوجود عالیہ بھٹ کی فلم کی ریکارڈ کمائی
واضح رہے کہ گنگوبائی کاٹھیاواڑی ایک ڈاکیومینٹری کرائم ڈرامہ ہے جو حسین زیدی کی کتاب “مافیا کوئینز آف ممبئی” پر مبنی ہے۔ عالیہ بھٹ اور اجے دیوگن کے علاوہ اس فلم میں پارتھ سمتھن، شانتنو مہیشوری اور سیما پاہوا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
گنگوبائی کاٹھیاواڑی کو جینتی لال گڈا نے پروڈیوس کیا ہے۔
یہ فلم “گنگا” نامی ایک عورت کی کہانی بیان کرتی ہے، جس کا کردار عالیہ نے نبھایا ہے، جو کامتھی پورہ کے ریڈ لائٹ ایریا میں گنگوبائی نامی میڈم بن جاتی ہیں، کہانی دکھاتی ہے کہ وہ کس طرح ایک کے بعد ایک چیلنج سے لڑتے ہوئے طاقت میں آئی۔
گنگوبائی کاٹھیاواڑی کی کامیابی کے بعد عالیہ بھٹ اگلی فلم “آر آر آر” میں جونیئر این ٹی آر، رام چرن اور اجے دیوگن کے ساتھ نظر آئیں گی۔