کراچی: گارڈن پولیس ہیڈکوارٹرز کے سامنے انتہائی مصروف سڑک کا ایک حصہ 2 ماہ سے بند پڑا ہوا ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گارڈن ہیڈکوارٹرز روڈ پر ایک حصہ عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، گارڈن ہیڈکوارٹرز کے بالکل سامنے نالے کی مرمت کا کام گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے۔
یہ برساتی نالہ برسات میں بھر جایا کرتا تھا اور پانی سڑک پر جمع ہو جاتا تھا، نالے کی مرمت کے لیے متعلقہ اداروں نے روڈ کی کھدائی کا کام کر لیا ہے لیکن دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا ہے، کام کی تکمیل کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
روڈ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کبھی ایک ہی سڑک پر منتقل ہو جاتی ہے جس سے ٹریفک جام کا سامنا رہتا ہے اور کبھی دیگر سڑکوں کی طرف ڈائیورٹ ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔