کراچی : وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ جنوری میں گیس کا بحران مذید شدت اختیار کرجائے گا، وزارت توانائی کی جانب سے ایل این جی ٹینڈر میں تاخیر کی گئی۔
وزیر توانائی سندھ کی جناب سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ایک مرتبہ پھر قوم کو گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے، نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی صوبے میں گیس کا بحران مذید شدت اختیار کرجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وقت پر ایل این جی کی امپورٹ نہ کرنے کی وجہ سے گیس کی قلت کا سامنا ہے، وزیراعظم عمران خان کے فوری نوٹس لینے کے باوجود وزارت توانائی کی جانب سے ایل این جی ٹینڈر میں تاخیر کی گئی۔
امتیازشیخ کا کہنا تھا کہ عوام کی ضروریات زندگی پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، موجودہ حکومت کا یہ تیسرا موسم سرما ہے اور قوم کو شدید گیس بحران سے اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے اپنے جاری بیان میں مزید کہا کہ اگر آرٹیکل 158 پر عمل کیا جائے تو قدرتی گیس کی مدد سے بحران پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے جس کے باعث شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔
گیس کی قلت کو کم کرنے کے لیے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی میں کمی کی گئی ہے اس کے باوجود گیس کا بحران برقرار ہے اور گھریلو صارفین دہرے عذاب میں مبتلا ہو چکے ہیں ان کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔