نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک ٹرین ڈرائیور نے جب پٹری پر ایک سلنڈر کو دیکھا تو اس کے ہوش اڑ گئے، اور کسی بڑے حادثے کے خوف سے ایمرجنسی بریک لگا لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح اترپردیش کے پریم پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں پر مال بردار ٹرین کے لوکو پائلٹ نے گیس سلنڈر کو دیکھ لیا، جس پر اس نے ہنگامی بریک لگا کر ٹرین روک دی۔
ٹرین کانپور سے پریاگ راج جا رہی تھی، ریلوے پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر گیس سلنڈر کو پٹری سے ہٹا دیا، جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ 5 کلو والا سلنڈر خالی تھا، اور شر پسند عناصر نے خوف پھیلانے کے لیے اسے پٹری پر رکھا تھا۔
ریلوے حکام کے مطابق ایسا ہی ایک واقعی ریاست مدھیہ پردیش میں بھی پیش آیا، جس میں نیپا نگر میں ایک اسپیشل ٹرین کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی گئی، نامعلوم شرپسندوں نے پٹری پر دس ڈیٹونیٹر لگا دیے تھے۔ ٹرین ایک ڈیٹونیٹر پر گزر گئی، جس کے بعد اس میں دھماکا ہوا۔
سیکوریٹی ایجنسیوں نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں بھی ایک ٹرین کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی گئی تھی، پریاگ راج-بھیوانی کالندی ایکسپریس کے ڈرائیور نے عین موقع پر ٹرین روک دی تھی، تاہم رکتے رکتے بھی وہ ایل پی جی سلنڈر سے ٹکرا گئی تھی، لیکن اچھا یہ ہوا کہ سلنڈر ٹرین کی ٹکر سے دور لڑھک گیا تھا۔