کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں موجود غیرقانونی گیس سلنڈرز کی دکانوں کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، اس ہدایت نامے میں غیرقانونی طور پر گیس سلنڈرز کا کام کرنے والے دکانداروں کےخلاف ایکشن لینے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کہا کہ رش والے علاقوں میں گیس سلنڈر شاپس نہیں ہونی چاہئیں، دکانداروں کو رش سے دور علاقوں میں کام کی اجازت دی جائے۔
خیال رہے کہ حیدرآباد میں سلنڈر دھماکے میں 27 افراد جاں بحق ہوئے تھے، اسکے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ڈپٹی کمشنرز کو غیرقانونی ایل این جی اور ایل پی جی دکانوں کیخلاف ایکشن کا حکم دیا تھا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ غیرقانونی ایل این جی اور ایل پی جی دکانوں کو فوری شہر سے باہر منتقل کیا جائے۔
وزیرداخلہ نے حکم دیا تھا کہ ایل این جی، ایل پی جی دکانوں کی انسپکشن اور غیرمعیاری سلنڈرز ضبط کیے جائیں ایسی دکانوں کو وفاق کے طےشدہ ایس او پی کے تحت چلانے کا پابند کیا جائے۔