کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ گیس سندھ کی اپنی پیداوار ہے، لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سے گیس بحران پر بات ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاق کےسامنے سندھ کا مؤقف پیش کیا ہے۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ضرورت پیش آئی تو عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گیس ہماری اپنی پیداوار ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ کرنا سندھ کے ساتھ زیادتی ہے، سندھ میں گیس ہماری ضرورت سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے، امید ہے وزیر اعظم اس اہم مسئلے پر نوٹس لیں گے، گیس کے معاملے پر پہلے سندھ کو ترجیح دینی چاہیئے۔