کراچی: شہر قائد میں گیس پریشر میں کمی کے سبب مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق گیس پریشر میں کمی کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، عوام پریشانی میں مبتلا ہوگئے کھانا لکڑیوں پر تیار کیا جانے لگا۔
عسکری کینٹ، ریلوے کالونی، پی ای سی ایس ایچ، نارتھ ناظم آباد میں گیس غائب ہے جبکہ نیو کراچی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، بلدیہ اور لیاقت آباد میں بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔
صدر کے ہوٹلوں میں گیس غائب ہونے کے سبب ہوٹلوں میں کھانا لکڑیوں پر تیار کیا جارہا ہے، گلستان جوہر، ایف بی ایریا اور اطراف کے علاقوں میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے۔
لیاری کے مختلف علاقوں میراں ناکہ، سنگولین، چیل چوک میں بھی گیس کی فراہمی معطل ہونے کے سبب عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، بچے صبح اسکول بغیر ناشتے کے جانے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب سی این جی اسٹیشن پر بھی گیس میں پریشر کی کمی سے ٹرانسپورٹر پریشان ہیں، سی این جی اسٹیشنز پر بھی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
اسی سے متعلق: کراچی میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا
واضح رہے کہ سی این جی اسٹیشن کو آج رات 8 بجے سے 36 گھنٹے کے لیے گیس کی فراہمی بند ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ 11 دسمبر کو بھی گیس بحران شدت اختیار کرگیا تھا، کراچی کے تین صنعتی زونز کو گیس کی فراہمی چار روز سے بند تھی۔
گیس کی فراہمی معطل ہونے پر تین دن سے سی این جی کی فراہمی بند تھی، پیپلزپارٹی نے گیس بحران پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا، وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کا نوٹس لیا تھا۔