اسلام آباد: سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹیڈ نے سسٹم میں اضافی گیس کی وجہ سے پائپ لائنیں پھٹنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، سوئی ناردرن نے پاور ڈویژن کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن نے کہا ہے کہ سسٹم میں اضافی گیس کے سبب پائپ لائنیں پھٹ سکتی ہیں، کمپنی نے پاور ڈویژن کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی پیداوار کے لیے ایل این جی کی طلب میں اچانک کمی اس کا باعث ہے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی کھپت کم ہونے سے پائپ لائنز پر بوجھ بڑھ گیا ہے، پائپ لائنوں میں سسٹم پیک 4660 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ گیا۔
پاور ڈویژن نے 828 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی منگوائی تھی، ایک ہفتے میں صرف 686 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کی گئی، مون سون میں ایل این جی کی کھپت کم ہونے سے سسٹم پیک بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
سوئی ناردرن نے کہا ہے کہ کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے ایل این جی پلانٹس کو ترجیح دی جائے، فرنس آئل کے پاور پلانٹس بھی ایل این جی سے چلائے جائیں۔
سوئی ناردرن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایل این جی کارگوز کا شیڈول تبدیل کرنا یا ری گیسی فکیشن میں کمی ممکن نہیں، پاور ڈویژن دی گئی طلب کے مطابق ایل این جی استعمال کرے۔