کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی کے صنعتی، کمرشل، اور گھریلو صارفین کے لیے پریشر بہتر کرنے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی کی جانب سے 20 انچ قطر کی 12.5 کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن پائپ لائن کو آج سسٹم سے جوڑا جائے گا۔
سوئی سدرن کے مطابق آج صبح 8 بجے سے رات 8 بجے 12 گھنٹے کے لیے کچھ علاقوں میں گیس بند رہے گی، عارضی بندش سےک ورنگی سیکٹر 21، 28، 29، 36 بی، 36 جی، 37 اے ہاشم گوٹھ متاثر ہوں گے۔
مانسہرہ کالونی، الہٰ آباد گوٹھ، اطراف کے علاقوں میں صنعتی اور گھریلو گیس کی فراہمی بند ہوگی، ٹیکنیکل ٹیم کی کوشش رہے گی کہ جلد از جلد گیس فراہمی کو بحال کیا جا سکے۔
پاکستان میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کئی برسوں سے معمول بن چکا ہے۔ پہلے صرف سردیوں میں لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اور اب سخت گرمیوں میں بھی تجارتی اور گھریلو صارفین کو گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پاکستان میں گیس توانائی کی ضروریات پوری کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ پاکستان انرجی کمیشن کے مطابق ملک میں توانائی کی ضروریات کا 31 فی صد گیس سے پورا کیا جاتا ہے جو ملکی پیداوار اور درآمدی گیس پر مشتمل ہے۔
گیس کے شعبے کے ماہرین کے مطابق پاکستان میں گیس کی کمی کی وجوہ میں اس کی ملکی پیداوار میں مسلسل ہونے والی کمی کے ساتھ عالمی منڈی میں گیس کی قیمت میں اضافہ ہے۔ پاکستان کے لیے اب مہنگی درآمدی گیس خرید کر اسے کم نرخوں پر مقامی صارفین کو بیچنا ممکن نہیں رہا، کیوں کہ اس کی وجہ سے گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ مزید بڑھ سکتا ہے۔