کراچی : شہر قائد میں سوئی گیس کے پریشر میں اچانک کمی آنے سے نہ صرف گھروں کو گیس کی فراہمی منقطع ہو گئی بلکہ صنعتی علاقوں میں پراسسنگ یونٹس بند اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر کے کم ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
گیس کے دباؤ میں کمی کے باعث شہرکے مختلف علاقوں لیاری، کاٹھور، گلشن معمار، احسن آباد، سہراب گوٹھ، ناظم آباد، ریلوے کینٹ کالونی، گڈاپ، بلدیہ ٹاؤن، محمود آباد میں گیس غائب ہوگئی، اس کے علاوہ لانڈھی کورنگی، قیوم آباد، نیو کراچی، کیماڑی، بھیم پورہ، گلشن اقبال اور اسکیم 33سے بھی گیس پریشر میں کمی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
گیس کے نہ ہونے سے گھریلو خواتین لکڑی کی چولہوں پرکھانا پکارہی ہیں، یا بازار سے کھانا منگوا کر اپنے بچوں کا پیٹ بھررہی ہیں۔ صدر کے ہوٹلوں میں گیس غائب ہونے کے سبب ہوٹلوں میں کھانا لکڑیوں پر تیار کیا جارہا ہے، گلستان جوہر، ایف بی ایریا اور اطراف کے علاقوں میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے۔
گیس کی عدم فراہمی کے باعث شہری لکڑی اور مہنگی ترین ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہوگئے، جس کی وجہ سے لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، دوسری جانب دکانداروں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا۔