کراچی : سوئی سدرن انتظامیہ نے شہر قائد میں گیس کی عارضی بندش کا اعلان کردیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کے باعث کراچی میں 20گھنٹے کے لئے گیس کی فراہمی بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس فراہم کرنے والی گمبٹ جی پی ایف فور فیڈر لائن میں لیکیج کے باعث کراچی میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
اس حوالے سے ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ پائپ لائن میں لیکج کی وجہ سے گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔
- Advertisement -
ترجمان کے مطابق لیکج کی وجہ سے سسٹم میں38ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی ہے، پی پی ایل کی ٹیم نے گیس کی سپلائی بند کرکے پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔
پائپ لائن کی مرمت کا کام اگلے20گھنٹے میں مکمل ہونے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں کو گیس کے کم پریشر کا سامنا کرنا پڑے گا۔