کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کا گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، سوئی سدرن پولیس نے منرل واٹر کمپنی کے آر او پلانٹ اور ہوٹل پر چھاپے مار کر گیس کی چوری پکڑلی اور 2 ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن پولیس نے گیس چوری کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں کراچی کے علاقے ایف بی ایریا اور کیماڑی میں چھاپے مار کر گیس چوری کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق ایف بی ایریا میں واقع منرل واٹر کمپنی کا مالک مزمل ربڑ کے پائپ کے ذریعے براہ راست 18 کے وی پاور جنریٹر اور دیگر استعمال کے لیے گیس چوری کر رہا تھا۔
گیس چوری کے الزام میں ملزم مزمل کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب کیماڑی کے علاقے میں مشہور ہوٹل پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے چوری کے الزام میں ملزم علی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم علی ربڑ کے ٹیوب سے 650 کیوبک فٹ فی گھنٹہ گیس چوری کر رہا تھا، ۔گیس چوری کے الزام میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔