منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

برطانیہ: گیٹ وک ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے بعد بھی فلائٹ آپریشن معطل، مسافر پریشان

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : مشکوک ڈرون کی رن وے پر پرواز کے باعث برطانیہ کا گیٹ وک ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے، حکومت نے فوج کی مدد طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے گیٹ وک انٹرنشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر گذشتہ شام سے 2 مشکوک ڈرونز پرواز کررہے ہیں، جس باعث انتظامیہ نے فلائٹ آپریشن معطل کرکے پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مشکوک ڈرونز کے باعث کل شام سے اب تک 800 پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں، پروازوں سے منسوخی نے ہزاروں مسافروں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔

- Advertisement -

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام اور پولیس اسناپئر اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے گزشتہ شام سے ڈرونز کو گرانے کی کوششیں کررہے ہیں تاہم ابھی تک کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

گیٹ وک ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج ایک لاکھ سے زائد مسافروں نے گیٹ وک ایئرپورٹ استعمال کرنا تھا تاہم انتظامیہ نے مسافروں کو آج ایئرپورٹ نہ آنے کی ہدایت کردی۔

مقامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت نے پولیس اور ایئرپورٹ حکام کی ناکامی کے باعث فوج کی مدد حاصل کرلی ہے تاہم برطانوی پولیس کا مؤقف ہے کہ واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے رن وے کے اطراف میں ڈرونز اڑانے میں ملوث افراد کو متنبہ کیا کہ پروازوں میں خلل ڈالنے والوں کو 5 برس جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔

وزیر اعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ حکومت کو معاملے کی حساسیت کا احساس ہے، کرسمس کے قریب پروازوں کی معطلی سے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ شب پروازوں کی معطلی کے باعث 10 ہزار مسافر متاثر ہوئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس پہلے ڈرون کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ کچھ دیر بعد ایک ڈرون کو پرواز کرتے دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا، جن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں