جمعہ, ستمبر 20, 2024
اشتہار

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 70 فلسطینی شہید، الاقصیٰ اسپتال کا علاقہ خالی کرنے کا حکم جاری

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ میں اسرائیل کی بربریت جاری ہے، صہیونی فوج نے چوبیس گھنٹوں میں وسطی غزہ میں بمباری کر کے مزید 70 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 212 افراد زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 ہزار 405 فلسطینی شہید اور 93 ہزار 468 زخمی ہو چکے ہیں۔

الجزیرہ عربی کی تازہ ترین اطلاع کے مطابق نصیرات پناہ گزین کیمپ کے شمال میں بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اسکول ’’العز بن عبدالسلام ‘‘ پر اسرائیلی حملے میں متعدد شہری مارے گئے ہیں۔ وفا نیوز ایجنسی نے بھی اس حملے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

- Advertisement -

دوسری طرف اسرائیل نے شمالی غزہ میں الاقصیٰ اسپتال کے اطراف کے علاقے کو خالی کرنے کے نئے احکامات جاری کر دیے ہیں، فلسطینی بار بار بے گھری کے عذاب سے گزر رہے ہیں، اسرائیل نے ان کی زندگیوں کو دنیا کا ایک بے مثال المیہ بنا دیا ہے۔ اتوار کے روز الاقصی شہدا اسپتال سے انخلا کرنے والے ایک فلسطینی اسماعیل عبدالرحمٰن صیام نے بتایا کہ انھیں اپنی زخمی بھانجی ویام کو وہیل چیئر پر دھکیل کر لے جانا پڑتا ہے اور وہ شدید بے بسی محسوس کرتے ہیں۔

ایک اور فلسطینی راسم العتاب نے الجزیرہ کو بتایا کہ وہ نہیں جانتا کہ آنے والے دنوں میں وہ اور اس کا بیمار بیٹا کہاں سوئیں گے۔ ’’سڑک پر! تصور کریں، میں اپنے 6 بچوں کے ساتھ سڑکوں پر ہوں۔‘‘ انھوں نے بتایا ’’ہم چار بار شمالی غزہ سے، خان یونس سے، دیر البلح سے بے گھر ہوئے، ہمارا کوئی پرسان حال نہیں، لوگ ایک عام زندگی گزارنا چاہتے ہیں، لوگ پیسے کی تلاش میں ہیں، اور اس کی بجائے وہ سڑکوں پر مر جاتے ہیں۔‘‘

حماس چیف یحییٰ سنوار کی تلاش کے لیے اسرائیل امریکا کی خفیہ کوششیں امریکی اخبار نے افشا کر دیں

دوسری جانب مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں حماس اسرائیل جنگ بندی مذاکرات بغیر معاہدے کے ختم ہو گئے ہیں، مصری سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل نے قاہرہ میں سمجھوتے کی تجاویز کو ٹھکرا دیا۔ روئٹرز کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل نے اتوار کو قاہرہ میں ہونے والے جنگ بندی مذاکرات میں ثالثوں کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز پر سمجھوتہ کرنے پر اتفاق نہیں کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں