غزہ : قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں ہونے والے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خبر سن کر فلسطینیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدے کے بعد فلسطینی جوش وخروش کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے اور خوب جشن منایا۔
ہزاروں افراد غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے اور جھنڈے لہراتے ہوئے اور فتح کے نشان بنائے۔
اسرائیلی فوج کی تباہ کن بمباری میں اپنوں کی جدائی سے غمزدہ اور زخموں سے چُور فلسطینیوں نے آنسوؤں کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔
واضح رہے کہ قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی معاہدے پراتفاق کرلیا گیا ہے، جنگ بندی اتوار سے شروع ہوگی۔
قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا تھا کہ معاہدہ اسرائیلی اسیران کی رہائی اور غزہ کیلئے امداد میں اضافے کا باعث بنے گا۔
اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدہ ہوگیا، جوبائیڈن
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی سفارت کاری رنگ لے آئی ، آخر کار اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدہ ہوگیا۔
نائب صدر کملاہیرس اور وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی اور ایران کے کمزور ہونے کے بعد حماس پر دباؤ شدید تھا بدلی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر حماس کو جنگ بندی کیلئے مجبور کیا۔
امریکی صدر نے معاہدہ کے اہم نکات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کا پہلا مرحلہ 6 ہفتے تک جاری رہے گا جس میں مکمل جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کی واپسی شامل ہے پہلے مرحلے میں فلسطینی اپنے گھروں کو واپس جاسکتے ہیں، غزہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔
لسطینی وزارت صحت کا اعلامیہ
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اپنی رپوٹ میں کہا ہے کہ 7اکتوبر2023سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 46 ہزار 707 فلسطینی شہید ہوئے، اس کے علاوہ اسی عرصے میں اب تک 1 لاکھ 10 ہزار 265 فلسطینی زخمی ہوئے۔