پیر, مارچ 3, 2025
اشتہار

غزہ جنگ بندی : اسرائیل اور حماس معاہدے کا پہلا مرحلہ مکمل

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ جنگ بندی کیلیے اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے معاہدے کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا، اگلے مرحلے کیلیے تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں حماس اور اسرائیل کے درمیان 25 یرغمالی اور سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔

اس حوالے سے حماس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں غزہ جنگ بندی کے حوالے سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے کیونکہ ہم نے پہلے مرحلے کو آگے بڑھانے کے لیے "اسرائیل کے فارمولے” کو مسترد کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ قاہرہ میں دوسرے مرحلے کی بات چیت تاحال بے نتیجہ قرار پائی ہے، قاہرہ میں امریکی، قطری اور مصری ثالثوں کے ساتھ ملاقات کے بعد اسرائیلی وفد واپس روانہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ جنگ بندی معاہدے کے سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اپنی سیکیورٹی ٹیم سے اہم ملاقات کرنے والے ہیں۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی کو ہر صورت برقرار رہنا چاہیے انہوں نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ معاہدے کو ٹوٹنے سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں۔

دوسری جانب امریکی حکام نے اسرائیل کو 3 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے گولہ بارود، بلڈوزرز اور متعلقہ فوجی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جن میں غزہ پر استعمال ہونے والا امریکی ساختہ اسلحہ بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی جنگ میں اب تک 48 ہزار 388 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 111,803 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

گورنمنٹ میڈیا آفس نے اپنی تازہ رپورٹ میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 61ہزار709 بتائی ہے کیونکہ ہزاروں فلسطینی جو ملبے تلے دبے ہوئے ہیں انہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں