حماس نے غزہ میں جنگ بندی کی نئی تجویز پر رضا مندی ظاہر کر دی، تاہم اسرائیل نے ایک بار پھر نیا پینترا آزما کر جنگ بندی کو ناکام بنانے کی کوشش کی ہے۔
حماس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ 2 روز قبل مصر اور قطر کی تالثی میں ایک تجویز موصول ہوئی تھی، جس کی حماس نے منظوری دے دی ہے، اسرائیل بھی نئی جنگ بندی تجویز کی حمایت کرے، امید ہے اسرائیل بھی اس نئی جنگ بندی تجویز میں رخنہ نہیں ڈالے گا۔
تاہم وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے مصر اور قطر کی نئی پیش کردہ جنگ بندی منصوبے کو قبول کرنے کے بعد، اسرائیل نے بھی جوابی تجویز پیش کر دی ہے۔ کچھ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اسرائیل کی جانب سے جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔
غزہ میں لاپتا امدادی ٹیم کے ساتھ کیا ہوا؟ دل دہلا دینے والا انکشاف
ادھر اسرائیلی فورسز کی بربریت کا بد ترین سلسلہ جاری ہے، صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے پہلے دن اسرائیلی بمباری میں کم از کم 20 افراد شہید ہو گئے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 50,277 فلسطینیوں کی شہادت ہوئی ہے اور 114,095 زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے تقریباً دو ماہ قبل مرنے والوں کی تعداد 61,700 سے زیادہ بتائی تھی، اور کہا تھا کہ ملبے تلے لاپتا ہونے والے ہزاروں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔