اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ فضائی اور زمینی حملوں سے غزہ میں اموات کی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
الجزیرہ کے مطابق محصور علاقے غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 39,006 فلسطینی شہید اور 89 ہزار 818 زخمی ہو چکے ہیں۔
شہید ہونے والوں میں 15 ہزار سے زیادہ بچے شامل ہیں، جب کہ 10 ہزار بچے لا پتا ہو چکے ہیں۔ شہید فلسطینی خواتین کی تعداد بھی 10 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
وزارت نے ٹیلی گرام پر جاری ایک بیان میں مزید کہا کہ غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین الگ الگ اسرائیلی حملوں میں 23 فلسطینی شہید اور 91 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فضائیہ نے انخلا کے حکم کے چند منٹ بعد ہی مشرقی خان یونس پر گولہ باری کر دی
وزارت نے بتایا کہ آج صبح سے جنوبی غزہ میں خان یونس پر اسرائیلی حملوں میں 37 افراد شہید اور 120 زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ نے یہ حملے انخلا کے حکم کے چند منٹ بعد ہی شروع کر دیے تھے، اور فلسطینیوں کو وہاں سے نکلنے کا وقت ہی نہیں دیا گیا۔
فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ انخلا کے حکم سے 4 لاکھ سے زیادہ فلسطینی متاثر ہوئے ہیں، جنھیں کسمپرسی کی حالت میں ایک بار پھر نقل مکانی کرنی پڑی۔