غزہ کی ہر لمحے بگڑتی ہوئی صورتحال اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر وحشیانہ بمباری کے بعد او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی آج طلب کرلیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی درخواست پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج او آئی سی سیکریٹریٹ میں منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان کے نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اجلاس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچ گئے ہیں، جبکہ اجلاس میں پاکستان سمیت سعودی عرب، ترکیے، گیمبیا، موریطانیہ اور کیمرون شرکت کرینگے۔ او آئی سی کے دیگر رکن ممالک بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے، سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب وحشیانہ حملے کو سختی سے مسترد کرتا ہے، حملہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف روزی ہے۔
دوسری جانب العہلی عرب اسپتال پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے، خوفناک بمباری میں خواتین، بچے، ڈاکٹرز اور اسٹاف شامل ہے۔
جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت اسپتال میں سینکڑوں زخمی اوربیمار موجود تھے اور بڑی تعداد میں بے گھر شہریوں نے پناہ لی ہوئی تھی، بمباری سے اسپتال مکمل تباہ ہوگیا اور عمارت میں آگ لگ گئی۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، بمباری میں مریضوں کے ساتھ بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف بھی شہید ہوئے۔