اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، 3 روز قبل شادی کرنے والا فلسطینی جوڑا بھی اسرائیلی بمباری کی زد میں آکر شہید ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں رفح شہر کے قریب ایک پناہ گزین کیمپ پر فضائی بمباری کی جس میں متعدد فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔
View this post on Instagram
جمعے کے روز عبداللّٰہ ابو نہال نامی شہری کی شادی کی رسم انتہائی سادگی سے ہوئی تھی، تاہم اپنی شادی کے دو روز بعد ہی فلسطینی جوڑا اسرائیلی فوج کی فضائی بمباری میں شہید ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کی بمباری میں مزید 6 فلسطینی شہید اور تین زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار 92 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب برازیلین صدر کی جانب سے اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے بعد اسرائیل اور برازیل کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ جبکہ برازیل نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا۔
برازیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ برازیل میں اسرائیلی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کریں گے، برازیلی صدر ڈی سلوا کے بیان کے بعد اسرائیل نے انہیں ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا تھا۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ برازیلین صدر جب تک اپنا بیان واپس نہیں لیتے انہیں اسرائیل میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔