تازہ ترین

دنیا بھر کے شہری اب غزہ کے مظلوموں کے لیے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرنے لگے

امریکی و برطانوی شہروں سمیت دنیا بھر میں غزہ کے مظلوموں کے لیے احتجاج جاری ہے، دنیا بھر کے شہری اب غزہ کے مظلوموں کے لیے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک، سان فرانسسکو، لندن، صنعا، دوحہ، عمان سمیت دنیا بھر کے شہروں میں غزہ کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی اور انھیں امن کی فراہمی کے لیے احتجاج کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز امریکی شہر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر فلسطین کی حمایت میں احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے فلسطینیوں کا قتل عام اور نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا، شہر سان فرانسیسکو میں بھی نسل کشی اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کروانے کے بینرز تھامے مظاہرین نے صدائے احتجاج بلند کیا۔

لندن میں بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے مسلسل احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، لندن کے شاپنگ مال میں مظاہرین کفایہ سے منہ ڈھانپے علامتی میت بن کر لیٹ گئے۔

غزہ جنگ میں وقفے کا دوسرا دن، آج بھی حماس اور اسرائیلی فورسز قیدیوں کو رہا کریں گے

یمن کے دارالحکومت صنعا میں ہزاروں شہری فلسطینیوں کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے، اور غزہ کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کے حق میں مظاہرے کہے اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے ’ہم غزہ کے ساتھ ہیں، اسرائیل فلسطین میں نہتے شہریوں کا قتلِ عام بند کرے‘ کے نعرے لگائے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں غزہ کی حمایت میں بھی احتجاجی ریلی میں مظاہرین نے فلسطینیوں کی نسل کشی اور قتل عام بند کرنے اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا، اردن کے شہر عَمان میں کی سڑکوں پر فلسطین کی آزادی کے نعرے بلند ہوئے، اور ہزاروں مظاہرین نے ریلی نکالی۔

Comments

- Advertisement -