جمعرات, فروری 27, 2025
اشتہار

ٹرمپ نے ’غزہ ریزورٹ‘ کی اے آئی ویڈیو شیئر کردی

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’غزہ ریزورٹ‘ کی اے آئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس پر اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر قبضے کے بعد کی منظر کشی سے متعلق ایک آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس میں موجودہ غزہ کو نئے انداز میں بدلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ایک ماہر اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایک عہدے دار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی گئی ویڈیو کی مذمت کی ہے، جس میں جنگ سے تباہ حال غزہ کو سمندر کے کنارے ایک ریزورٹ کی طرح دوبارہ تعمیر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اے آئی سے بنی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ غزہ میں امریکی صدر ٹرمپ کا ایک بہت قد آور مجسمہ بھی نصب ہے، جب کہ کچھ مقامات کے نام بھی ٹرمپ سے منسوب کر کے دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو کے آخری حصے میں غزہ کے ساحل پر ڈالرز کی بارش بھی دکھائی گئی ہے۔

’سب حیران ہو جائیں گے‘ امریکا نے یہودیوں کو غزہ کا منصوبہ بتا دیا

آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے بنائی گئی ویڈیو میں صدر ٹرمپ کی سوچ کے مطابق غزہ کی تعمیر نو کو دکھایا گیا ہے۔ غار سے نکلتے بچے غزہ کے ساحل پر جاتے نظر آتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نیتن یاہو کے ساتھ تفریح کر رہے ہیں۔ یہی نہیں ساحل پر مختصر لباس میں داڑھی والے افراد کو بھی رقص کرتے دکھایا گیا۔ ٹرمپ خود بھی ایک نائٹ کلب میں خاتون کے ساتھ رقص کرتے اور ایلون مسک لوگوں پر پیسوں کی برسات کرتے ہوئے نظر آئے۔

ویڈیو میں گانا بھی سنا جا سکتا ہے۔ جس کا ترجمہ ہے ڈونلڈ ٹرمپ آپ کو آزاد کریں گے، سب کے لیے زندگی لائیں گے، کوئی سُرنگ ہوگی نہ کوئی ڈر ہوگا، بالآخر ٹرمپ کا غزہ آ گیا ہے۔

برطانوی رکن پارلیمنٹ شوکت آدم نے ویڈیو کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا یہ دیکھ کر خوف آتا ہے کہ دنیا کا طاقت ور ترین شخص کسی اور کی زمین چرانے کو غلط نہیں سمجھتا، ایک عرب صارف نے لکھا قابضین خود نہیں بدلتے بلکہ صرف اپنے نام تبدیل کرتے ہیں۔ ٹرمپ جو تجویز کر رہے ہیں وہ غزہ کا مستقبل نہیں بلکہ نسل کشی کے جرائم کا تسلسل ہے، بین الاقوامی قوانین کے مطابق انسانیت کے خلاف جرم بھی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں