غزہ: اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر مشاورت کے لیے اقدامات جاری ہیں، حماس کی اعلیٰ قیادت غزہ میں جمع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج اور غزہ کی جہادی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر مشاورت کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے لیے حماس کی اعلیٰ قیادت غزہ میں جمع ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایسا پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے کہ حماس کی تمام اعلیٰ قیادت ایک ساتھ غزہ میں موجود ہے جبکہ اسرائیل کی جانب سے کسی قسم کا حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر مشاورت کے لیے مصر ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے جس پر اہم پیش رفت کی توقع ہے۔
فلسطین: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی شہید
خیال رہے کہ حماس کو یہ گارنٹی فراہم کی گئی ہے کہ اس کے وفد کو اسرائیل نشانہ نہیں بنائے گا، جبکہ معاہدے میں پیش رفت کی صورت میں غزہ کی تعمیر نو کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرارداد پر بھی عملدرآمد ممکن ہو سکے گا۔
واضح رہے کہ مارچ سے اسرائیل مخالف مظاہروں میں اب تک ایک سو ساٹھ فلسطینی مارے جا چکے ہیں، علاوہ ازیں ایسی جھڑپوں میں ایک ہفتے پہلے چار برس بعد کوئی پہلا اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوا تھا۔
یاد رہے کہ دو گذشتہ دنوں قابض اسرائیلی فورسز نے نماز جمعہ کے بعد مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا، اسرائیل فورسز اور نمازیوں میں جھڑپوں کے دوران 15 افراد زخمی ہوئے تھے، نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ، پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا تھا۔