اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے موقع پر وفاقی وزرا کی جانب سے کیے جانے والے دوروں کو دھاندلی قرار دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی پی نے جی بی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا ہے۔
انھوں نے کہا وزیر اعظم کو اگر کلین چٹ دے دی گئی ہے تو یہ باعث تشویش ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جن پر ہم نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو تمام تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے، وزیر اعظم اور وزرا سرکاری وسائل کا استعمال کر کے وعدے کرتے پھر رہے ہیں۔
بلاول اپنی ہی پٹیشن پر فیصلے کےخلاف ہو گئے
ان کا کہنا تھا وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کے دورے واضح قبل از انتخابات دھاندلی ہے۔
دریں اثنا، گلگت بلتستان انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جن میں مریم نواز، احسن اقبال، پرویز رشید اور مریم اورنگ زیب شامل ہیں، آج پی کے 603 پرواز سے گلگت روانہ ہو گئے ہیں۔
مریم نواز شریف گلگت بلتستان میں انتخابی مہم ایک دن کے وقفے کے بعد آج دوبارہ شروع کریں گی، ذرایع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اسلام آباد میں اہم شخصیت سے ملاقات اور اجلاس کے باعث اسکردو سے واپس آئی تھیں۔