یو اے ای حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دبئی ایئر پورٹ آنے والے غیر ملکیوں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہر لگائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے شناخت اور غیرملکی امور نے کہا ہے کہ دبئی ایئر پورٹ آنے والے مسافروں اور وزیٹرز کے پاسپورٹس پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر خصوصی مہر لگائی جارہی ہے۔ جس پر عالمی حکومتی سربراہی اجلاس کا لوگو نمایاں ہوگا۔
ایمریٹس نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے تحت دبئی ایئرپورٹ اور بندرگاہ پر آنے والے تمام مسافروں کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔
ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کا آغاز مستقبل کی حکومتوں کی تشکیل کے عنوان سے 10 فروری سے ہوا ہے اور یہ 14 فروری تک جاری رہے گی۔
مزید برآں، زائرین میں معلوماتی کارڈز بھی تقسیم کیے جائیں گے، جن میں سربراہی اجلاس اور اس کے کلیدی موضوعات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ آگاہی میں اضافہ ہو اور عالمی سطح پر اس ایونٹ میں شرکت کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
سمٹ میں 30 سے زیادہ سربراہان مملکت، 140 حکومتی وفود اور 80 سے زیادہ بین الاقوامی و علاقائی تنظیمیں شریک ہیں۔
اس دوران 30 سے زائد وزارتی اجلاس اور گول میز مذاکرات میں 400 سے زائد وزرا شرکت کررہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خزانہ نے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے افتتاحی دن دو اعلیٰ سطحی پینل مباحثے منعقد کیے، جن میں کثیر الجہتی مالیاتی تعاون کو مستحکم کرنے اور خلیجی معیشت کی پائیداری کو بڑھانے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔