اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جنرل الیکشن کے لئے پوسٹل بیلٹ پیپر کی پرنٹنگ شروع کردی ، قومی اسمبلی سمیت چاروں اسمبلیوں کے لئے پوسٹل بیلٹ پیپر پرنٹ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جنرل الیکشن کی تیاریاں جاری ہے ، الیکشن کے لئے پوسٹل بیلٹ پیپر کی پرنٹنگ شروع کردی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کیلئے 10 لاکھ 26 ہزار ، پنجاب اسمبلی کیلئے 4 لاکھ 45 ہزار 5 سو ، سندھ اسمبلی کیلئےایک لاکھ 95ہزار، کےپی اسمبلی کیلئےایک لاکھ 72 ہزار 500 پوسٹل اور بلوچستان اسمبلی کیلئے 76 ہزار500 پوسٹل بیلٹ پیپر پرنٹ ہوں گے۔
پوسٹل بیلٹ پیپر سرحدوں پرتعینات پاک فوج کےجوانوں کیلئے جبکہ اپنے شہروں سےدورتعینات سرکاری افسران اور ملازمین کیلئےبھی پرنٹ ہوں گے۔
خیال رہے عام انتخابات کیلئے بجٹ میں 42 ارب 41کروڑ روپے سے زائدرقم مختص کی گئی ہے جبکہ انتخابات کی سیکیورٹی کیلئے 15ارب روپےمختص کیے گئے ہیں۔
پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ، ووٹنگ کیلئے 5ارب 60کروڑ روپےسےزائد اور بیلٹ پیپرزکی چھپائی کیلئے 4ارب 83کروڑروپےسےزائد رقم رکھی گئی ہے۔
انتخابی فہرستوں کی چھپائی کیلئے 27کروڑ روپے اور ٹریننگ ونگ کیلئے ایک ارب 79کروڑ روپےکی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ میڈیا کوآرڈینیشن کیلئے 50کروڑ روپے سےزائد اور انتخابی تیاریوں کیلئےبجٹ میں ایک ارب 2کروڑ روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔
پنجاب میں انتخابات کیلئے بجٹ میں 9ارب 65کروڑ روپے سےزائد، سندھ میں انتخابات کیلئے 3ارب 65کروڑ روپے سے زائد، خیبرپختونخوا انتخابات کیلئے بجٹ میں 3ارب 95کروڑ روپے سے زائد اور بلوچستان انتخابات کیلئے ایک ارب 11کروڑ روپےسےزائدکی رقم بجٹ میں مختص کی گئی ہے۔