اسلام آباد : لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چارج سنبھال لیا، انہوں نے سال2018 سےجی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کی ذمہ داریاں انجام دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے بحیثیت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے چارج سنبھال لیا ہے، اس سلسلے میں ایک جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرزمیں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
جنرل ندیم رضا نے1985میں انفنٹری کی دس سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ رہے جب کہ جنوبی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کی کمان کی۔
جنرل ندیم رضا دسمبر دوہزارسولہ میں کور کمانڈر راولپنڈی کی اہم پوزیشن پر تعینات ہوئے، وہ اگست دوہزار اٹھارہ سے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کی اہم ترین ذمہ داری پر تعینات تھے۔
گزشتہ سولہ سالوں کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی میں سے دس چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر کام کرچکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا گزشتہ سال اگست میں چیف آف جنرل اسٹاف بنے تھے جو آرمی چیف کے بعد دوسرا اہم ترین عہدہ ہے، انہوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ کام بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کے معاملے پر وزارت دفاع نے سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کی تھی، سمری میں چار نام تجویز کئے گئے تھے.
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا مضبوط امیدوار تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے تجویز کردہ ناموں پرغور کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیا۔