کراچی: پاکستان سے جرمنی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر ہے، لفتھانزا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کی ایئرلائن لفتھانزا پاکستان سے دوبارہ فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے کوشاں ہے، ریجنل ہیڈ نے اس حوالے سے سے خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
لفتھانزا کے ریجنل ہیڈ لوئس مونرئیل نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلائٹ آپریشن شروع ہونے سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارتی اور سفارتی تعلقات استوار ہوں گے۔
انھوں نے کہا لفتھانزا پاکستان سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا خواہاں ہے، پاکستانی عوام کی بھی خواہش ہے کہ لفتھانزا پاکستان سے اپنا آپریشن شروع کرے۔
لوئس مونرئیل کا کہنا تھا کہ پاکستان سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے حوالے سے مختلف شعبے کام کر رہے ہیں، پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے بھی بات چیت چل رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسلام آباد اور کراچی کے ایئرپورٹس عالمی معیار کے مطابق ہیں، دونوں ایئر پورٹس کے انتظامات قابل ستائش ہیں۔