کراچی: پاکستان پوسٹ کی ساکھ میں بہتری کا اعتراف غیرملکی سفیر بھی کرنے لگے، جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سامان کی ترسیل کے لیے پاکستان پوسٹ کا استعمال کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر پاکستان پوسٹ کی خدمات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جرمن سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تاثرات دئیے۔
جرمن سفیر مارٹٓن کوبلر نے کہا کہ خوش ہوں پاکستان پوسٹ سامان کی ترسیل کا بااعتماد ادارہ بن چکا ہے، پاکستان پوسٹ کے ذریعے برلن میں موجود اہل خانہ کو تحفہ بھیجا ہے۔
مارٹن کوبلر نے ڈاکخانے پر عمدہ سہولتوں اور دوستانہ ملازمین پر مراد سعید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی بہتری میں مراد سعید کا اہم کردار ہے۔
یہ سن کر اچھا لگا کہ پاکستان پوسٹ قابل اعتماد بن چکا ہے اور اب جلدی ڈلیور کرتا ہے۔ لہذا برلن میں اپنے خاندان کے لئے ایک چھوٹا تحفہ بھیجا۔ #MuradSaeed پوسٹ آفس میں سروس اور دوستانہ عملے کیلئے آپ کا شکریہ! pic.twitter.com/0LKcyjF5Ah
— Martin Kobler (@KoblerinPAK) January 21, 2019
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے ملک بھر میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کا افتتاح کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ تقریباً 10 ارب سالانہ خسارے میں رہا ہے، پاکستان پوسٹ میں بہت صلاحیت ہے، پوسٹ کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر مملکت نے پاکستان پوسٹ کی ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کا افتتاح کردیا
ان کا کہنا تھا کہ 50 ہزار روپے تک کی بھیجی گئی رقم گھر کے دروازے پر مل سکے گی۔ ون ڈے ڈیلیوری کی سہولت ابتدائی طور پر 25 شہروں میں ہوگی۔ الیکٹرانک منی آرڈر کی سہولت 80 شہروں میں دے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پوسٹل سروسز کو جدت کی نئی راہوں پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان بھر کے ڈاک خانوں کا معیار تبدیل کریں گے۔ 13 ہزار ڈاک خانوں کو جدید ترین پوسٹل سروسز کا مرکز بنائیں گے۔