فرینکفرٹ: جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ایک بیکری نے یوکرینی پرچم کے رنگ کے ڈونٹس بنالیے۔
تفصیلات کے مطابق ایک جرمن بیکری یوکرین کو دل چسپ انداز میں سپورٹ کرنے کے لیے ‘پیس ڈونٹ’ فروخت کر رہی ہے، جس کی قیمت 1 (1.11 ڈالر) یورو ہے۔
جرمن بیکری نے یہ قدم یوکرین کے عوام سے یک جہتی کے اظہار کے لیے اٹھایا ہے، فرینکفرٹ میں ہک بیکری نے جمعرات کو ڈونٹس کی پیش کش شروع کر دی ہے۔
ان ڈونٹس کو پیس یعنی امن کے ڈونٹس کا نام دیا گیا ہے، ان سے ہونے والی آمدنی سے روس کے حملے کے بعد یوکرین سے نقل مکانی کرنے والے بچوں کی مدد کی جائے گی۔
یوکرینی پرچم سے مزین ڈونٹس کی فروخت سے جو آمدنی ہوگی اس کا 100 فی صد حصّہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پناہ لینے والے یوکرینی بچوں کو عطیہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے بیکری کے شریک مالک ٹانجا ہک کا کہنا ہے کہ ہم نے سوچا کہ ہمیں بہت جلد، بیوروکریسی کی مدد کے بغیر کچھ کرنا ہے، اس کے لیے ہم نے ایک اضافی پروڈکٹ بنانے کا فیصلہ کیا جو زیادہ مہنگا نہ ہو، جو سب خرید سکتے ہوں اور جو آپ میں سے بہت سے لوگ اپنے ساتھ دفتر بھی لے جا سکتے ہوں۔
انھوں نے بتایا کہ جمعرات کی صبح بیکری کی 10 برانچوں پر 600 پیس فروخت ہوئے اور جمعہ کو 300 پری آرڈرز کے ساتھ مہم کامیاب دکھائی دے رہی ہے۔