برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی، اس دوران دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے دوریاستی حل میں یقین رکھتا ہے اور صرف اس صورت ہی میں دونوں عوام امن وسلامتی سے رہ سکتے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر نے برلن میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مشرقِ اوسط کے دیرینہ تنازع کے دوریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے اور اس حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
صدر محمود عباس نے اس موقع پر کہا کہ ہم چانسلر میرکل کی دنیا میں امن اور استحکام کے لیے تنازعات کے یک طرفہ حل کے بجائے کثیر الجہت تعاون کے ضمن میں کوششوں کو سراہتے ہیں۔
جرمنی کا فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد جاری رکھنے کا اعلان
انہوں نے مشرقِ اوسط میں جرمنی کے کردار کی اہمیت پر زور دیا اور فلسطینی علاقوں میں صحت، تعلیم کے شعبوں اور سول سوسائٹی کو مضبوط بنانے کے لیے مالی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ جرمنی فلسطینیوں کو سب سے زیادہ امداد دینے والے ممالک میں سے ایک ہے اور اس نے 2018میں فلسطینیوں کو مجموعی طور پر 11 کروڑ یورو ( 18 کروڑ 18 لاکھ ڈالر) کی امداد دی تھی۔