برلن: روس سے تعلقات کےالزام پرجرمن سائبرسیکیورٹی سربراہ کو برطرف کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمنی کے سائبر سیکیورٹی کے سربراہ آرن شوئن کو اس تناظر میں برطرف کیا گیا جب ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ان پر روسی انٹیلی جنس سروسز سے تعلقات رکھنے کا الزام لگایا گیا۔
جرمن وزارت داخلہ نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آرن شوئن کو فوری طور پر ان کی ذمے داریوں سے فارغ کردیا گیا ہے، اس اقدام کی وجہ میڈیا پر آنے والے زیر بحث الزامات ہیں اور تمام الزامات کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر یوکرین کے خلاف روس کی جنگ میں ملوث ہونے کا الزام
ترجمان نے کہا کہ ان الزامات کے بعد آرن شوئن نے بطور جرمن سائبرسیکیورٹی سربراہ عوامی اعتماد کو نقصان پہنچایا،انہوں نے مزید کہا کہ روسی ہائبرڈ جنگ کے میں بحرانی صورتحال میں یہ سب کچھ زیادہ درست معلوم ہوتا ہے۔
دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف اور مشرقی علاقے سومی میں درجنوں روسی ڈرون حملوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
یوکرین کی امدادی سروس کا کہنا ہے کہ کیف پر روسی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 4 ہو گئی، حملوں کے نتیجے میں ایک رہائشی عمارت کو بری طرح نقصان بھی پہنچا۔