راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جرمنی کے فارن آفس کے وزیرمملکت مسٹرنیلز نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمن وزیر مملکت نے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ دریں اثنا جرمن وزیرمملکت نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آرمی چیف جنرل قمرجاویدبا جوہ سے نیٹو کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل ہانس ورنر نے ملاقات کی تھی اس دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔
پاک فوج کا کہنا تھا کہ نیٹو کے ڈی جی نے خطے میں امن کے لیے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی، اور پاکستان کی عسکری طاقت کو بھی سراہا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر اہم گفتگو ہوئی۔