راولپنڈی: جرمنی کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق جرمنی کےچیف آف ڈیفنس اسٹاف نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔
جرمنی کے چیف آف ڈیفنس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دفاعی سیکیورٹی کے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورانِ ملاقات پاک بھارت کشیدہ صورتحال،علاقائی سیکیورٹی پربھی بات چیت ہوئی۔
جرمن چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے خطے میں امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن و امان کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے عالمی امن مشن میں پاکستان کی گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔ بعد ازاں جرمن چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے یادگار شہدا پرحاضری دی اور پھول چڑھائے ساتھ ہی انہوں نے شہدا کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
امن مشن میں خدمات کا اعتراف، پاکستانی شہدا کے لیے اقوامِ متحدہ کا اعزاز
یاد رہے کہ گزشتہ برس یکم جون کو اقوام متحدہ نے امن مشن میں 7 پاکستانی فوجی جوانوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں میڈلز سے نوازا تھا۔
اقوام متحدہ میں بین الاقوامی پیس کیپرزڈے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں عالمی امن کے مشن پر امور سرانجام دینے والے پاکستانی فوجیوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا گیا۔ اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں امن کے لیے قربانیاں دینےوالے7پاکستانی فوجیوں کو ڈیگ ہیمرشولڈمیڈل دیئے جو پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے وصول کیے تھے۔