برلن: سعودی عرب کو جرمن ہتھیاروں کی فراہمی پر لگائی گئی پابندی میں مزید توسیع کا امکان ہے، حکام جلد فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد جرمن حکام نے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت روک دی تھی، حکام نے پابندی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے لیے جرمن ہتھیاروں کی برآمد پر عائد پابندی کے حوالے سے جرمنی کی وفاقی سکیورٹی کونسل فیصلہ کرے گی۔
البتہ وفاقی سکیورٹی کونسل میں سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت سے متعلق کوئی اتفاق رائے نہ ہوسکا، آئندہ مذاکرات میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے آئندہ مذاکرات برسراقتدار اتحادی جماعتوں سی ڈی یو، سی ایس یو اور ایس پی ڈی کے مابین ہوں گے۔
بعد ازاں وفاقی سلامتی کونسل دوبارہ سعودی عرب کو جرمن ہتھیاروں کی برآمد پر عائد پابندی میں ممکنہ توسیع پر غور کرے گی۔
یہ پابندی گزشتہ برس دو اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول کے سعودی قونصل خانے میں ریاض حکومت کے ناقد سعودی صحافی اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشقجی کے قتل کے بعد عائد کی گئی تھی۔
جرمنی کا سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ
خیال رہے کہ شروع میں جرمنی نے سعودی عرب کو جرمن ساختہ اسلحہ جات کی ترسیل پر یہ پابندی دو ماہ کے لیے لگائی تھی، جس کے بعد وفاقی جرمن حکومت نے مزید توسیع کر دی تھی۔