سفارتی رابطوں کی بحالی کے بعد جرمنی نے شام میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق جرمنی کی وزیر خارجہ نے شام کی خانہ جنگی کے ابتدائی دنوں میں بند ہونے کے 13 سال بعد جمعرات کو دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا اور کہا کہ شام کی سیاسی منتقلی کے بعد یورپ کو شام میں "آنکھوں اور کانوں” کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے دمشق کے دورے کے دوران عبوری صدر احمد الشارع اور دیگر سے ملاقات کی یہ ان کا دسمبر میں سابق صدر بشار الاسد کے خاتمے کے بعد دوسرا دورہ ہے۔
یورپی یونین کے 27 ارکان میں سے، اٹلی نے گزشتہ سال بشارالاسد کے زوال سے قبل اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا تھا اور اسپین نے اس کی معزولی کے بعد اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولا ہے۔
وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ اس سفارت خانے کے کھلنے کے ساتھ، ہم بہت واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ جرمنی دمشق میں واپس آ گیا ہے جرمنی کی ایک مستحکم شام میں بنیادی دلچسپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال سفارت خانے کے پاس ایک بہت چھوٹی ٹیم ہوگی، جسے ہمسایہ لبنان میں مقیم ساتھیوں کی مدد حاصل ہوگی اور وہ قونصلر یا ویزا کی خدمات پیش نہیں کرے گی۔ اس کی قیادت فی الحال چارج ڈی افیئرز کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں دوبارہ کوئی سفیر ہو گا یا نہیں، اس کا انحصار مزید سیاسی اور یقیناً یہاں سیکورٹی کی پیش رفت پر ہے۔