شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ غنا علی نے شوبز چھوڑنے کی خبروں پر ایک بار پھر لب کشائی کردی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’نقاب‘ میں ’زارا‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ غنا علی کا کہنا ہے کہ ان کا فی الحال اداکاری کو خیرباد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں اعتکاف میں تھی جب بھائی نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی اسٹوری لگادی، وہ دراصل چاہتا تھا کہ میں میڈیا سے دور ہوجاؤں اسی لیے اس نے موقع پر دیکھ کر اسٹوری لگائی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر بھائی اور گھر والے سب یہی چاہتے ہیں لیکن وہ مجھے روکنے کی کوشش نہیں کرتے اور یہ ان کی محبت ہے۔
یہ پڑھیں: غنا علی نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی خبروں پر وضاحت دے دی
اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں خواتین کے لیے کم کردار لکھے جانے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں زیادہ تر کردار 25 سال کی عمر تک کی لڑکیوں کے لیے لکھے جاتے ہیں۔
غنا علی کے مطابق پاکستان میں 30 سال کی عمر کے بعد اداکاراؤں کو مرکزی کردار نہیں ملتے، 35 سال کے بعد اداکارائیں بہن، بھابھی اور ماں کا کردار ادا کرنے لگتی ہیں اور وہ ایسے کردار ادا کرنا نہیں چاہتیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی عمر 31 برس ہے اور وہ بہن اور بھابھی کے کردار ادا نہیں کرنا چاہتیں۔