آکرا : افریقی ملک گھانا کے ساحل پر 80 سے زائد ڈولفن مردہ حالت میں پائی گئیں، متعلقہ حکام نے صورتحال کا فوری نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ساحل پر بڑی تعداد میں آنے والی مردہ ڈولفنز کے بعد مقامی افراد انہیں ٹرکوں میں بھر کر لے جانے لگے، اتنی بڑی تعداد میں ڈولفن کی موت کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فشریز کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائیکل آرتھر کا کہنا ہےکہ دارالحکومت آکرا کے ساحل پر 80 سے 100کی تعداد میں مردہ ڈولفن ملی ہیں۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں ڈولفن کی موت کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم مردہ ڈولفنز کی فش مارکیٹ میں فروخت روکنے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔
فشریز کمیشن کے مطابق شہر کے ایک اور ساحلی علاقے میں مردہ مچھلیوں کے ملنے کی بھی اطلاعات ہیں، ڈولفن کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مائیکل آرتھر نے مزید کہا کہ ابتدائی مشاہدے میں مردہ مچھلیوں کے جسم پر کسی قسم کے زخم کے نشانات نہیں ہیں تاہم لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد ان کی موت کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے گی۔