کراچی: وزیراعظم نواز شریف کے سابق قریبی ساتھی اورسابق وزیراعلیٰ سندھ غوث علی شاہ نے خاموشی توڑ دی انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاناما لیکس میں ملوث نہ ہوتے تو سوالوں کا جواب دیتے۔
سابق وزیراعلیٰ، سابق وفاقی وزیر اور جلاوطنی کے دوران نواز شریف کے قریب رہنے والے غوث علی شاہ اپنی قیادت سے نالاں نظر آئے، اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں غوث علی شاہ نے خاموشی توڑتے ہوئے کھل کر نواز شریف کے خلاف بولے، انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نواز حکومت نے اپنی مدت پورا نہیں کی۔
سابق وزیر اعلیٰ سندہ غوث علی شاہ کا کہناتھا کہ نواز شریف کا حکومت چلانے کا طریقہ کار ایسا ہے کہ بنی بنائی چیز خراب کردیتا ہے،انہوں نے نواز شریف کو پاناما لیکس میں ملوث قرار دے دیا۔
غوث علی شاہ کا کہناتھا کہ ان کی دوری کا سبب یہ ہے کہ نواز شریف کو غلط کام نہیں کرنے دیتے تھے، پارٹی نہیں چھوڑی لیکن نوازشریف کے ساتھ نہیں ہوں۔
غوث علی شاہ کا کہناتھا کہ مودی پاکستان کے خلاف باتیں کررہا ہے، نواز شریف کو جواب دینا چاہیے،راحیل شریف مودی کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ن لیگ کے علاوہ تمام مسلم لیگوں کو اکٹھا کررہا ہوں۔