گھوٹکی: سندھ کے شہر گھوٹکی میں پولیس سے گرفتار عزیز رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں نے دو شہری اغوا کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے قادرپور کے علاقے سے 2 افراد کو اغوا کر لیا، جس کے بعد ڈاکوؤں نے ایک دھمکی آمیز ویڈیو بھی بھجوا دی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اغوا کی یہ واردات کچے کے علاقے کے ڈاکو پرویز جاگیرانی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کی ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے اسپتال سے ان کے عزیزوں کو گرفتار کیا تھا۔
ڈاکو پرویز نے ویڈیو میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کے عزیزوں کو بلاجواز گرفتار کیا ہے، اگر انھیں آزاد نہ کیا گیا تو وہ مغویوں کو قتل کر دیں گے۔
ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے دونوں افراد مخدوم زرعی فارم کے ٹریکٹر ڈرائیور ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز کے نام اختر اور علی حسن راجپوت ہیں۔
ویڈیو میں ڈاکوؤں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے اور مغوی افراد کو بھی، جن کا کہنا ہے کہ وہ غریب ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کا مطالبہ مان لیا جائے تو یہ ہمیں چھوڑ دیں گے۔
ویڈیو میں متعدد ڈاکوؤں کو بھاری ہتھیاروں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں وہ ایس پی گھوٹکی سے ان کے افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی ایک ٹیم ڈاکوؤں کے تعاقب میں کچے کے علاقے میں روانہ ہو گئی ہے۔