راولپنڈی : جی ایچ کیو حملہ کیس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور سمیت 46ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، مسلسل غیر حاضری پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گیے
کیس میں دیگر46 ملزمان کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری گئے ، جس میں راجہ بشارت، زرتاج گل، بلال اعجاز اور دیگر شامل ہیں، پراسیکیوٹرز نے مسلسل غیر حاضری پر ضمانتوں کی منسوخی اور وارنٹ اجرا کی استدعا کی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا، جج امجد علی شاہ نے ملزمان کے تحریری وارنٹ گرفتاری جاری کیے
ملزمان کےخلاف جی ایچ کیوحملےکامقدمہ تھانہ آراےبازارمیں درج ہے اور ملزمان پر توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی چھٹی بار ملتوی کردی گئی تھی۔
دوران سماعت میں وکلا صفائی نے انسداد دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا، وکلا کا موقف تھا کہ عدالتی دائرہ اختیار کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جائے۔
بانی پی ٹی ائی کے وکیل محمد فیصل ملک کی جانب سے انسداد دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیارکو چیلنج کیا گیا تھا۔