راولپنڈی : جی ایچ کیو حملہ کیس میں 96 دن بعد آج سےجیل ٹرائل شروع ہوگا، جس میں کیس کی ہفتہ میں 3 یا 4 روز سماعت کا فیصلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیوحملہ کیس میں 96 دن بعد آج سے جیل ٹرائل شروع ہوگا ، مقدمہ کی سماعت ساڑھے 11 بجے اڈیالہ جیل میں ہوگی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ سماعت کریں گے۔
سرکاری پراسیکیوٹر، بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو جیل ٹرائل سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور سپریم کورٹ کا 4 ماہ میں سانحہ 9 مئی کیسز کا ٹرائل مکمل کرنے کا حکمنامہ بھی عدالت کو موصول ہوگیا ہے۔
سپریم کورٹ حکمنامہ کے تحت جی ایچ کیوحملہ کیس ہفتہ میں 3 یا 4 روز سماعت کا فیصلہ ہوگا، آج سے انسداد دہشت گردی عدالت سانحہ 9 مئی کیسز کا 4 ماہ میں فیصلہ کا ٹائم شروع ہوگیا۔
مزید پڑھیں : سپریم کورٹ کا 9 مئی سے متعلق کیسز کے حوالے سے اہم حکم جاری
جی ایچ کیو حملہ کیس میں کل 119 گواہ اور 25 کے بیان ریکارڈ ہوچکے ہیں تاہم جرح کسی پر نہیں ہوئی۔
تفتیشی ٹیم نے جیل ٹرائل تیاریاں مکمل کر لیں، دونوں گواہان کو اڈیالہ جیل طلب کرلیا گیا ہے، سرکاری گواہان مجسٹریٹ مجتبیٰ الحسن اورسب انسپکٹرریاض کوپیشی کیلئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
شیخ رشید، عمر ایوب، شبلی فراز، شیریں مزاری، راشد شفیق اور عثمان ڈار کو طلبی نوٹس جاری کی گیا جبکہ شاہ محمود قریشی کو بھی لاہور سے عدالت طلبی سمن جاری کردیا گیا ہے۔
یاد رہے 9 مئی کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن میں جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاؤس لاہور سمیت حساس عسکری و سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ان واقعات کے خلاف مختلف مقدمات قائم کیے گئے، جن کا ٹرائل اب چار ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔