اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا بہترین علاج آئسولیشن (قرنطینہ) ہے، اپوزیشن جماعتیں تنقید برائے تنقید پرعمل پیرا ہیں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا بہترین علاج آئسولیشن ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ گھروں تک محدود رہا جائے۔
غلام سرور نے کہا کہ تمام انٹرنیشنل فلائٹس معطل کردی گئی ہیں، وقت کےساتھ ڈومیسٹک فلائٹس بھی معطل کردیں گے، سندھ میں خدشات پر کراچی، سکھر ایئرپورٹ بند کردیئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے لوگ کم سے کم گھروں سے نکلیں کیونکہ کم سے کم روابط سے ہی کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے، اپوزیشن جماعتیں تنقید برائے تنقید پرعمل پیرا ہیں، نیشنل ایشوز پر سیاست کرنے والے قوم سے مخلص نہیں۔