اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیم پر ن لیگ نے وہی فیصلہ کیا ہے جو ان کو کرنا چاہیے تھا، تمام سیاسی جماعتیں بھی غیر مشروط حمایت کریں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، غلام سرور خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے، آرمی ایکٹ ترمیم پر ن لیگی رہنماؤں نے وہی فیصلہ کیا ہے جو ان کو کرنا چاہیے تھا.
وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ کے کچھ دوستوں نے بتایا ہے کہ حمایت کا اصولی فیصلہ ہوگیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو پہلے ہی بڑی بات نہیں کرنی چاہئے تھی۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ آج نماز جمعہ سے پہلے آرمی ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور کرلیا جائے گا، بعد ازاں بل کو سینیٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج رانا ثناءاللہ کا بیان سن کر بڑی خوشی ہوئی، بتایا جائے کہ ن لیگ نے رانا ثناءاللہ کو ترجمان کیوں بنادیا ہے؟۔