لاہور : وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر عالمی معیار کے ملٹی اسٹوری پارکنگ کمپلیکس کا افتتاح کردیا، کار پارکنگ کمپلیکس دو بیس مینٹس اورایک گراؤنڈ فلور پر مشتمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک اوراہم سنگ میل عبور کرلیا ، لاہور ائیر پورٹ پر 3800 گاڑیوں کے پارکنگ کمپلیکس کے منصوبے کا افتتاح کردیا گیا۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ پر تعمیر 3منزلہ پارکنگ کمپلیکس کا افتتاح وفاقی وزیر غلام سرور نے کیا ، جدید ملٹی اسٹوری پارکنگ تین منزلہ تعمیر کی گئی ہے، کار پارکنگ کمپلیکس دو بیس مینٹس اورایک گراؤنڈ فلور پر مشتمل ہے جبکہ پارکنگ اسٹیٹ آف آرٹ ہے۔
ائیرپورٹ مینجر افتخار مرزا کا کہنا ہے کہ پارکنگ دنیا کے جدید ایئرپورٹ دبئی کے طرز پر تعمیر کی گئی ہےاور ائیرپورٹ پارکنگ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔
افتخار مرزا نے مزید کہا کہ پارکنگ میں ایک وقت میں چار ہزار گاڑیاں کھڑی کی جاسکتی ہیں ، گاڑی کھڑی کرکے بھولنے کی صورت میں جدید سر ویلنس، کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت فوری طور پر گاڑی کو ڈھونڈا جاسکے گا۔
ذرائع کے مطابق پارکنگ کا منصوبہ 2017 میں شروع ہوا تھا اور 2020 میں مکل کر لیا گیا تھا تاہم عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 5 ماہ بعد اس کا افتتاح کیا جارہا ہے۔