کراچی : وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل عابد لطیف نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، اس موقع پر ڈی جی اے ایس ایف نے وفاقی وزیر کو اے ایس ایف کے پیشہ وارانہ امور سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈی جی اے ایس ایف نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اے ایس ایف اہلکار ملک کی اہم ترین سرحدوں اور ایئرپورٹس پر پیشہ وارانہ طریقہ سے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر غلام سرور خان نے گفتگو کرتے ہوئے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا، ان کا کہنا تھا کہ ہوا بازی کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر غلام سرور خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کے فروغ کے وژن کے لئے بھی ہم بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، جس کے مثبت اثرات جلد قوم کے سامنے ہوں گے۔