راولپنڈی : وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرورخان نے کہا ہے کہ معاشی بدحالی کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے غریب کا خون چوسا، احتساب کی بات کی جائے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم تحریک چلائیں گے۔
یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، غلام سرورخان نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے ہمیں ایک ہونا ہوگا اتفاق و اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کیا پی ٹی ایم اندھی ہے؟ آج بھی ایک فوجی شہید ہوا، جو وہاں دوسری بات کرتے ہیں وہ ہمارے نہیں ہوسکتے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ35سال اقتدار میں رہنے والے کس منہ سے مہنگائی کی بات کرتے ہیں۔
معاشی بدحالی کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے غریب کا خون چوسا، احتساب کی بات کی جائے تو کہتے ہیں کہ ہم تحریک چلائیں گے، ان کے ناپاک عزائم اس ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تھانے اور جیلیں ملک خزانہ لوٹنے والوں کا مقدر ہوں گی اور انہیں پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔
مزید پڑھیں: آج پاکستان جمود کے دور میں داخل ہو چکا ہے: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت کا تجربہ ناکام ہوچکا، ملکی خود مختاری داؤ پرلگانے والوں کیخلاف تحریک چلائیں گے، حکومت گرانی پڑی تو گرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی اور ملکی سلامتی معیشت کے تابع ہوچکی ہے۔ عدلیہ کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈریں گے۔