کرائسٹ چرچ : آسٹریلیا میں کیوی وزیراعظم کی مسلم خاتون سے گلے ملنے والی دیوقامت تصویر آویزاں کردی گئی، مقامی خاتون آرٹسٹ نے میلبورن کے مصروف علاقے برونس کے دوٹاورز پر 80 فٹ لمبا پورٹریٹ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کی حجاب کے ساتھ ایک مسلم خاتون سے گلے ملنے والی تصویر کا 80 فٹ لمبا پورٹریٹ آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے مصروف علاقے برونس وک کے 2 ٹاورز پر بنادیاگیا۔
جیسنڈا آرڈن کے اس میورل کو آسٹریلیا کی اسٹریٹ خاتون آرٹسٹ لوریتا لیزو نے بنایا، مقامی خاتون آرٹسٹ نے جیسنڈا آرڈرن کے پورٹریٹ کو بنانے کے لیے آن لائن فنڈز کی اپیل کی تھی کہ انہیں تقریبا 8 ہزار امریکی ڈالر کی ضرورت ہے
آرٹسٹ لوریتا لیزو کی جانب سے فنڈز کی اپیل کیے جانے کے پہلے ہی دن انہیں ضرورت سے زیادہ یعنی 11 ہزار امریکی ڈالر کے فنڈز ملے تھے۔
یاد رہے رواں برس مارچ میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے میں 50 نمازیوں کی شہادت کے بعد وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن اسلامی لباس میں مسلمانوں کے ہاں پہنچی تھیں اور ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا تھا۔
مزید پڑھیں : جیسنڈا آرڈرن کو خراج تحسین، آرٹسٹ نے حجاب میں ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنادی
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے مساجد پر حملے کے بعد حجاب اور اسلامی لباس پہن کر مسلمان خواتین سے تعزیت کرنے سمیت ان کے ساتھ وقت بھی گزارا تھا، اس دوران جسینڈا آرڈن کی حجاب کے ساتھ کھینچی گئی تصاویر دنیا بھر میں وائرل ہوگئی تھیں اور انہیں مذہبی ہم آہنگی کا ہیرو قرار دیا گیا تھا۔
یاد رہے اس سے قبل معروف آسٹریلوی مصّور نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسندا آرڈرن کی حجاب میں ملبوس 25 میٹر لمبی تصویر بنائی تھی۔
خیال رہے وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن کی یہی تصویر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر بھی روشنیوں کی شکل میں آویزاں کی جا چکی ہے۔