اسلام آباد: سعودی سفارت خانے نے پاکستان کے لیے 80 ٹن کھجوروں کا تحفہ بھجوا دیا، سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا پاکستانی عوام کے ساتھ دینی رشتہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سعودی سفارت خانے میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب سے سعودی سفیر اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر نے خطاب کیا۔
سعودی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام سے ان کا دین اور اسلام کا رشتہ ہے، سعودی عرب پاکستانی عوام کے ساتھ ہر لمحے کھڑا ہے۔
دریں اثنا سعودی سفارت خانے کی جانب پاکستان کے لیے 80 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سعودی عرب میں آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی مذمت
خیال رہے کہ گزشتہ برس سعودی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے سعودی عرب میں آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے، کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔